لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے ٹرانس جینڈر ایکٹ واپس نہ لیا یا اس میں سینیٹر مشتاق احمد خان کی ترمیم شامل نہ کی تو اسلام آباد کی جانب مارچ کرسکتے ہیں۔
سراج الحق نے کہاکہ پاکستان میں قرآن و سنت کے خلاف کوئی قانون نہیں بننے دیں گے ـ ٹرانس جینڈر ایکٹ مغربی ایجنڈا ہے جس کا مقصد پاکستان میں ہم جنس پرستی اور بے حیائی کو فروغ دے کر اسلامی اقدار کو مسخ کرنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعتیں ذاتی مفاد کے لئے اسلام آباد کی جانب مارچ یا دارالحکومت کا گھیراؤ کر سکتی ہیں تو ہم اسلام اور اسلامی تہذیب کے تحفظ کے لئے اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال بھی دے سکتے ہیں ـ ہمارے اس جلسہ کو وارننگ سمجھا جائےـ
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں دینی جماعتیں بھی شامل ہیں جنہیں پاکستان کی تہذیب اور اسلامی شناخت محفوظ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ـ اگر سینیٹر مشتاق احمد کی ترمیم کو تسلیم نہ کیا گیا تو اسلام آباد یہاں سے زیادہ دور نہیں ہے ـ انہوںنے کہا کہ آئین میں صادق اور امین سے متعلق دفعات کو بھی تبدیل یا ختم کرنے کے لئے مہم چلائی جار ہی ہے ـ جسے کسی صورت تسلیم نہیں کر سکتے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں ٹرانس جینڈر ایکٹ کے پاس ہونے اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے مخالفت پر امریکی سفارتخانہ میں بھی ایک میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کو تو زیر بحث لایا گیا لیکن اصل ایجنڈا ٹرانس جینڈر ایکٹ تھاـ