پشاور میں 100 بستروں پر مشتمل الخدمت اسپتال ڈبگری کا افتتاح

740

پشاور: پختونخوا کے دارالحکومت میں 100 بستروں کے الخدمت اسپتال ڈبگری کا افتتاح کردیا گیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور اور کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے اسپتال کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت کے مشن ”انسانیت کی خدمت” میں شامل ہونے پر وہ غلام علی آفریدی کے شکر گزار ہیں جنھوں نے اپنی قیمتی اراضی اس عظیم مقصد کے لئے پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ اس  اسپتال کا قیام ڈبگری  میں صحت عامہ کی سستی اور معیاری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت اسپتال نشتر آباد پشاور میں صوبے بھر کے مریضوں کی خدمت کے بعد اب الخدمت ڈبگری اسپتال کا افتتاح کیا ہے۔ 100 بستروں پر مشتمل اس اسپتال  میں زچہ و بچہ، لیبر روم، لیبارٹری، جنرل او پی ڈی، نرسری یونٹ، ایمبولینس سروس اور فارمیسی کی معیاری اور سستی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ریاض خان محسود نے حاضرین سے خطاب میں الخدمت فاؤنڈیشن کو  اسپتال  کے افتتاح پر مبارکباد دی اور کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمت انسانیت کے لیے ایک مثالی ادارہ ہے اور وہ الخدمت کی تمام فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہیں۔