ریاست کو اسلامی تعلیمات سے استوار کیا جائے، ڈاکٹر خالد محمود

675
Islamic teachings

اسلام آباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نبی پاک کی سیرت کا تقاضا ہے کہ سماج اور ریاست کو اسلامی تعلیمات کے مطابق استوار کیا جائے۔

ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ نبی نے بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر صرف اللہ کی غلامی میں دیا جو آزادی کا سب سے بڑا درس ہے،12ربیع الاول کا پیغام بھی یہی ہے کہ ہم اللہ اور اللہ کے رسول کے مطیع و فرمابردار بندے بنیں، سیرت رسول سے ہمیں یہ پیغام ملتا ہے کہ ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم بھائیوں کی آزادی کے لیے کردار ادا کریں، ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نبی پاک کی بعثت کا مقصد بھی یہی تھا کہ انسانیت کو گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکال کر روشنی اور ہدایت کی طرف لایا جائے اللہ کے نظام کو بطور نظام حیات قائم اور غالب کیا جائے، نبی پاک نے23سال جدوجہد کر کے مدینے کی اسلامی فلاحی ریاست قائم کی جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے ماڈل ریاست کا درجہ رکھتی ہے، نبی کی زندگی پوری انسانیت کے لیے نمونہ ہے آج امت جن مشکلات اور مصائب کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے امت اسلامی تعلیمات کو اپنانے اور اسلام کو بطور نظام زندگی نافذ اور قائم کرنے کی طرف لوٹ آئے تو دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتی ہے امت کے عروج کا واحد راستہ قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے ۔