پشاور ہائی کورٹ کا تعلیمی اداروں میں جلسوں کے خلاف انتظامیہ پر برہم

249

پشاور ہائی کورٹ تعلیمی اداروں اور شہر کی مصروف سڑکوں پر جلسوں اور احتجاج پر برہم ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید خان نے کہا کہ اسمبلی چوک اور ہائیکورٹ کے سامنے کوئی احتجاج نہ کرے، تعلیمی اداروں میں بھی جلسے نہیں ہونی چاہئیں، تعلیمی ادارے تعلیم کے لیے ہوتے ہیں اس میں سیاسی سرگرمیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

چیف  جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک رکھیں، ایک فریق جلسہ کرے گا تو مجبوراً دوسرا بھی جلسہ کرے گا۔

جسٹس  قیصر رشید  نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل صاحب حکومت کو عدالتی تشویش سے آگاہ کریں، آپ اس حوالے سے عدالتی تشویش متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔

ایڈووکیٹ جنرل شمائل بٹ نے کہا کہ آئی جی پولیس اور انتظامیہ کو اس حوالے سے آگاہ کرے گے، اس حوالے سے آج چیف سیکریٹری سے میٹنگ بھی ہے جس پر عدالت نے کہا کہ یہ انتظامیہ کی بھی ناکامی ہے،  احتجاج کرنے والے پیراشوٹ سے نہیں آتے یہ جہاں سے آتے انہیں وہیں پر روک دیں تاکہ اسمبلی چوک اور ہائیکورٹ کے سامنے کوئی احتجاج نہ کرے۔

چیف جسٹس کی تشویش پر ایڈووکیٹ جنرل شمائل بٹ نے مزید کہا کہ عدالتی تشویش سے حکومت کو آگاہ کردیا جائے گا، ضروری اقدامات کرکے عدالتی احکامات پر من وعن عمل کیاجائے گا۔