حکومت کا پی ٹی آئی لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخلے سے ہرصورت روکنے کا فیصلہ

494

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ہر صورت پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کا فیصلہ کر لیاہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پر  تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی ممکنہ چڑھائی کے معاملے پر وزیر داخلہ کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں لانگ مارچ اور دھرنے کو روکنے سے متعلق حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی۔

 وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی ہدایت پر اجلاس کی کارروائی کو ان کیمرا رکھا گیا، سکیورٹی ایجنسیز نے وزیر داخلہ کو ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی، لانگ مارچ شرکا کی تعداد 15سے 20ہزار کے درمیان ہونے کا امکان ہے، اسلام آباد پولیس سمیت سندھ پولیس، رینجر اور ایف سی کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 اسلام آباد پولیس سمیت، سندھ پولیس، ایف سی اور رینجرز کی 30ہزار نفری کا بندوبست کرنے، ریڈ زون میں واقع سرکاری عمارتوں اور ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی پاک فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 پاک فوج، اسلام آباد میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 245کے تحت تعینات ہوگی، لانگ مارچ کو اسلام آباد میں کسی بھی صورت میں داخل نہ ہونے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،وزیر داخلہ کے زیر صدارت اجلاس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو لاجسٹک اور مالی معاونت فراہم کرنے والے افراد اور تنظیموں کیخلاف ایکشن کی منظوری دی گئی۔

 لانگ مارچ کی صورت میں آتشیں اسلحہ ساتھ رکھنے پر مکمل پابندی ہوگی، شہریوں کی نقل و حمل کی آزادی، اسپتالوں اور اسکولوں کو جاری رکھنے کے حوالے سے ہدایات دی گئیں۔