پشاور: تھانہ چمکنی کی حدود میں دن دیہاڑے سونے کے تاجر سے گن پوائنٹ پر ایک کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد رقم چھین لی گئی جبکہ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے تاجر پر اندھا دھند فائرنگ کرلی تاہم وہ معجزانہ طور پر فائرنگ سے محفوظ رہا۔
پنجاب کے ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے جہلم گولڈ اسمتھ کے نام سے کاروبار کرنے والے تاجر حسنین ولد محمد شفیق سکنہ میانوالی گزشتہ روز ایک کلو 411 گرام سونا بھیجنے کے لیے پشاور آیا تھا جہاں اس نے جیولری کی سب سے بڑی مارکیٹ اندر شہر میں واقع یاسر جیولرز پر سونا فروخت کردیا جس کے عوض اسے ایک کروڑ 85 لاکھ 57 ہزار روپے دیے گئے۔
تاجر رقم لینے کے بعد اپنی گاڑی میں واپس پنجاب جانے کے لیے روانہ ہوا جب وہ موٹروے پر پولیس ناکا بندی سے پیچھے چند فرلانگ کے فاصلے پر پہنچا تو 3موٹرسائیکلوں پر سوار 5 نقاب پوش ڈاکوؤں نے اس کا پیچھا کیا اور گن پوائنٹ پر اس کی گاڑی روک لی۔ ڈاکوؤں نے تاجر حسنین سے اسلحہ کی نوک پر رقم سے بھرا تھیلا چھین لیا تاہم حسنین کی مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے اس کی گاڑی پر فائرنگ کردی وہ معجزانہ طور پر بچ گیا۔
بعد ازاں ڈاکو رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ حسنین کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد 5 تھی جن میں سے 4 ڈاکو نقاب پوش تھے جب کہ ایک کا چہرہ نظر آرہا تھا اور اس نے چھوٹی ہلکی ڈاڑھی رکھی تھی۔