اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کے بعد اسحاق ڈار کا آنا معیشت کو کڑاہی سے نکال کر آگ میں جھونکنا ہے، حیرت ہے ایک دن میں سب کے کیسز معاف ہو گئے،برطانوی حکومت سے مطالبہ ہے کہ اگر ایون فیلڈ کا کوئی بھی مالک نہیں تو اسے پناہ گاہ بنا دیا جائے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ چوروں نے ایک دن فیصلہ کیا کہ پاکستان میں چوری کو جائز قرار دیا جائے اور پھر ایک دن چوروں کے کیسز معاف ہو گئے۔ حیرت ہے ایک دن میں سب کے کیسز معاف ہو گئے جبر سے معاشی نظام کھڑا نہیں ہوسکتا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا مفتاح اسماعیل کو ہمارا مذاق بنوا رہا ہے۔ہم ملک کا سب سے بڑا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ترین تیل کی قیمت کے باوجود چھوڑ کر گئے۔ انکا کہنا تھا کہ2017 میں جب اسحاق ڈار فرار ہوئے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور معیشت تباہ کر کے گئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پتہ لگا کہ مہنگائی کے اعداد و شمار بجلی کی قیمت کو 65 فیصد کم بتایا ہوا ہے۔ہمارے دور میں معیشت مستحکم تھی۔آج مہنگائی،بیروزگاری اور تمام مسائل کے ذمہ دار حکمران ہیں۔اسحاق ڈار کو شان و شوکت کے ساتھ پاکستان لایا گیا۔
حماد اظہر نے مزید کہا کہ عمران خان دور میں ڈالر 40 روپے بڑھا،ان کے 5 ماہ میں 52 روپے بڑھ گیا۔نہیں سمجھتا کہ 5 ماہ میں 55 روپے ڈالرکا ریٹ بڑھ جاتا ہے اور 5 روپے کم ہونے سے بہتر ہوگا۔اسحاق ڈار اور مریم نواز کے معاملے میں جو ہوا اس پر تو ن لیگ ہی شرمندہ نظرآرہی ہے۔عمران خان کے دور میں معاشی ترقی کی شرح 6 فیصد تھی۔