کے ایم سی ٹیکس :سندھ ہائی کورٹ کا جماعت اسلامی کی درخواست پر وفاقی،صوبائی حکومت کو نوٹس

312

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے متنازع میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اینڈ  ٹیکسز کو کے الیکٹرک کے ذریعے وصولی کرنے پر دائر کردہ درخواست میں وفاقی، صوبائی حکومت اور لوکل گورنمنٹ اتھارٹیز کو نوٹس جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا تھا  جب وزارت توانائی (پاور ڈویژن)، چیف سیکریٹری  کے ایم سی سندھ  نے کے الیکٹرک کے ذریعے میونسپل ٹیکس کی وصولی کا فیصلہ کیا تھا، اس پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل آیا تھا اور اس فیصلے کو گزشتہ ہفتے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور دیگر نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سٹی ایڈمنسٹریٹر اور کے الیکٹرک کو فریق بناتے ہوئے  عدالت میں درخواست دائر کرتے ہو ئے چیلنج کیا تھا ۔

منگل کے روز سماعت کے دوران  ان کے وکیل عثمان فاروق نے کہا کہ موجودہ درخواست کے ایم سی کی جانب سے بجلی کے بلوں کے ذریعے ایم یو سی ٹی کی وصولی کے فیصلے سے متعلق تنازع کے حوالے سے دائر کی گئی  ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت پہلے ہی 26 ستمبر کو اسی طرح کی درخواست پر عبوری حکم امتناعی جاری کر چکی ہے جس میں کے ایم سی کی جانب سے صارفین سے بجلی کے بلوں کے ذریعے ایم یو سی ٹی وصول کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ نے کے ایم سی کو کے الیکٹرک کے ذریعے میونسپل ٹیکس کی وصولی سے روک دیا تھا۔ دوران سماعت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

عدالت نے ان سے استفسار کیا تھا کہ کے الیکٹرک کے بلوں میں کیوں وصول کر رہے ہیں؟ شہری نہ دیں تو ان کی بجلی کٹ جائے۔ کے ایم سی کے پاس طریقہ کار موجود ہے۔ کے الیکٹرک کی گاڑیوں پرکچرا پھینکا جا رہا ہے۔ کے ایم سی کا اپنا ریکوری سیل ہے جو وصولی کرے۔ مرتضی وہاب نے عدالت کو بتایا کہ کے ایم سی کا کام شہر میں کام کرنا ہے پارک بنانا ہے۔

عدالت کے اس فیصلے کے بعد مرتضیٰ وہاب نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہو ئےشکوہ کیا ہے کہ آئین پاکستان کے تمام اداروں کے دائرہ اختیار کو واضح کیا گیا ہےاور میں نے دن دیکھا اور نہ رات دیکھی بس کام کیا ہےلیکن بلدیہ عظمی کے بارے میں کہا گیا کہ سارے کام انہوں نے کیے ہیں مجھے بتائیں کہ جس کے پاس اختیارات نہیں اسی نے کام کیسے کیا حلانکہ میں نے کام کیا  لیکن میری پذیرائی نہیں کی گئی۔

مرتضیٰ وہاب عدالتی فیصلے پر ناراض نظرآئے ان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی ٹیکس کے پیسے میری جیب میں نہیں کے ایم سی کے اکاؤنٹس میں آتے ہیں، کے الیکٹرک کے پاس رقم آنے کا چیک اینڈ بیلنس بہت اچھا ہے، 100 روپے بھی ادھر سے ادھر نہیں ہوتے اسی لیے یہ ٹیکس جمع کرنے کا ٹھیکا پرائیویٹ کرنے کے بجائے کے الیکٹرک کو دیا اور انہیں بہت مشکل سے راضی کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے ای پرائیویٹ کمپنی ہے اور اس کے پاس صرف بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کی حد تک لائسنس موجود ہے، وزارت توانائی اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدہ میں مختلف چارجز اور ٹیکس کی وصولی کے بارے میں نہیں تھا۔

یاد رہے کہ درخواست گزاروں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد چیف سیکریٹری نے 21 جنوری کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں صوبائی محکمہ توانائی اور کے ایم سی کو سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ (ایس ایل جی اے) 2013 کے تحت ایم یو سی ٹی کی وصولی کے لیے کے ای کا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی، اس نوٹیفکیشن کی تعمیل کے سلسلے میں ہی صوبائی حکومت نے 12 اپریل کو ایک اور نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔