اسحاق ڈار نے چوتھی بار وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا

738
the honor

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے چوتھی مرتبہ وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھال کر پاکستان کے سب سے زیادہ مرتبہ وزیر خزانہ بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

تفصیلا ت کے مطابق مالیاتی اور اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر اسحاق ڈار کا کا شمار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماﺅں میں ہوتا ہے ۔اسحاق ڈار گزشتہ 28 سالوں سے پارلیمنٹرین چلے آرہے ہیں۔ وہ چوتھی مرتبہ ایوان بالا کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ 1993 سے 1996 اور 1997 سے 1999 تک دو بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس کے بعد مسلسل چار بار سینیٹر منتخب ہوئے ۔

اسحاق ڈار نے پاکستان انویسٹمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر پہلا عوامی عہدہ (1992-1993) میں سنبھالا۔ 1997 اور 98 کے درمیان وہ وفاقی وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری رہے۔ 1998 سے 1999 تک وفاقی وزیر خزانہ، اقتصادی امور اور پھر 2008 میں بھی کچھ عرصہ کے لیے وزیر خزنہ بنے۔

2013 میں نواز شریف تیسری مرتبہ وزیراعظم بنے تو اسحاق ڈار ان کی معاشی ٹیم کے سربراہ کے طور پر تیسری مرتبہ وزیر خزانہ بن گئے اور چار سال تک وزیر خزانہ رہے۔ 2018 کے سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد اسحاق ڈار حلف اٹھانے کے لیے ملک واپس نہ آئے۔ تقریباً پانچ سال بعد وہ وطن واپس آئے ہیں اور انہیں دوبارہ وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔