لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بلدیاتی اور جنرل الیکشن کی تیاری ہمارا حدف ہے۔ جس کیلئے تیاری کیلئے تمام صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواران اپنے حلقوں میں عوامی مسائل کے نشاندہی اور ان کے حل کیلئے تمام کوششیں اور وسائل بروئے کار لائیں۔
میاں ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ اس ملک کے لوگوں کو جماعت اسلامی کی خدمت گارقیادت پر اعتماد کرنا چاہیے۔دیانتدار باصلاحیت اور خدمت کرنے والی قیادت ہی اس ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔
میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بے تحاشہ مہنگائی و بے روزگاری اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے لوگوں سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے۔ لوگ دو قت کی روٹی کیلئے پریشان ہے۔ حکمران طبقہ مفادات کی لڑائی میں عوام کے مسائل کو بھول چکا ہے۔بجلی، پیٹرول، گیس سمیت آٹا، چینی، گھی اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک کا غریب اور متوسط طبقہ فاقوں پر مجبور ہے۔سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے ریلیف کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا اور مسائل حل کرنے کی بجائے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنادیا ہے۔
امیر لاہور نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی و قومی الیکشن میں اہل لاہور کو دیانتدار اور باصلاحیت قیادت فراہم کریں گے۔ امیدواران ، کارکنان و ذمہ داران لوگ تک پہنچیں اور اسلامی پاکستان و خوشحال پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد کو تیز کریں۔