دادو: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع دادو میں ٹنیٹ سٹی کا دورہ کیا اس موقع پر حکام کی جانب سے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع دادو میں متاثرین کیلئے قائم ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی بھی وزراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم کو سیلاب زدہ علاقوں سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔
دورہ کے موقع پر وزیراعظم کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ضلع دادو میں سیلاب سے 37 افراد جاں بحق ہوئے، 66 یونین کونسل سیلاب سے متاثر ہوئیں، فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ریلیف کیمپس میں متاثرین کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں، متاثرین کیلئے ٹینٹ اور دیگر ضروری اشیا کی ضرورت ہے۔
اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم میاں شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ مشکل میں متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کیں، بچوں کیساتھ گھل مل گئے، سیلاب زدگان سے مسائل دریافت کیے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سکولوں میں سیلاب متاثرین کیلئے کیمپ لگائے گئے ہیں، خیموں کی کمی اب بھی ہے، سندھ حکومت متاثرین کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔