اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھالیا، اپوزیشن کی شدید نعرے بازی

298

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وطن واپس آنے کے بعد سینیٹ کا حلف اٹھا لیا۔ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے شدید نعرے بازی اور احتجاج  کیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں شرکت کے لیے  وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ اسحاق ڈار پہنچی، جہاں ان کا استقبال کیا گیا اور ہار پہنایا گیا۔

اسحاق ڈار کے ایوان میں پہنچنے پر حکومتی ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسحاق ڈار کو سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے لیے مدعو کیا تو اپوزیشن میں شامل تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے شدید شور مچایا اور نعرے بازی کی۔

اپوزیشن ارکان نے اسحاق ڈار پر چورچور کے نعرے لگائے، تاہم شور شرابے کے دوران ہی اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔  وزیر قانون اور قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسحاق معزز رکن ہیں انہیں ایوان میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے ہمیشہ اس ایوان کے تقدس کا خیال رکھا ہے، ہاؤس کے تقدس کا خیال کیا جائے، یہان دامن کسی کا صاف نہیں، آپ کے تحفظات ذاتی ہو سکتے ہیں آئین اور قانون کے مطابق نہیں۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو سسٹم چل رہا ہے یہ شخصیات کو تحفظ دے رہا ہے۔ یہ سسٹم ایک خاندان کا بنتا جا رہا ہے، ابھی تک انہوں نے عدالت کے آگے سرینڈر نہیں کیا، یہ سیدھا یہاں آگئے ہیں، سینیٹ میں سینیٹ کا کوئی عزت و حترام ہے بھی یا نہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے حلف لینے کے بعد معمول کے مطابق اجلاس کی کارروائی شروع کردی اور وقفہ سوالات کا آغاز کیا۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ آپ سوال کریں کیونکہ ہاؤس کی دادی شیری رحمان آگئی ہیں، وہ جواب دیں گی۔ جس پر شیری رحمان نے کہا کہ میں آپ کی دادی ہوں مگر دادا گیری نہیں چلے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ میری نہیں پورے ایوان کی دادی ہیں۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر مصنوعی طور پر کم ہوئی ہے، جسے واپس لانا بڑا چیلنج ہے۔ مہنگائی بہت بڑھ چکی ہے، یوٹیلیٹی پرائسز بہت بڑا چیلنج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کریں گے، ماضی میں بھی اللہ نے کامیابی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پارلیمانی نظام کا حصہ ہے، کوئی بات نہیں۔ میں عوام سے محبت کرتا ہوں اور عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں۔

دوسری جانب اسحاق ڈار کل صبح 10 بجے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت اسحاق ڈار سے عہدے کا حلف لیں گے، جس کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔