اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں جو ہوا وہ قابل قبول نہیں، درخواست تیار کی ہے جس میں برطانوی وزارت داخلہ کوتصاویر کے ساتھ تحفظات کا اظہارکیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مقدمہ رکھا جبکہ ان کا دورہ امریکہ کامیاب رہا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ لندن میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو ہراساں کیا گیا، مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں جو ہوا وہ قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ درخواست تیار کی ہے جس میں برطانوی وزارت داخلہ کوتصاویر کے ساتھ تحفظات کا اظہارکیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف کریکٹر سرٹیفکیٹ اور نائیکوپ منسو خ کرنے کی استدعا کی جائیگی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طر ف سے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا کیونکہ پرویز الٰہی کو خدشہ ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ختم ہوتے ہی عدم اعتماد کی تحریک نہ آئے۔
ن لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا جاری اجلاس کامقصد ہی عدم اعتماد کی تحریک سے بچنا ہے جبکہ ایک دن میں اجلاس کے اخراجات ایک کروڑ روپے روزانہ آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے وسائل کا رخ گجرات اور منڈی بہائوالدین کی طرف موڑدیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کو 186ارکان کی حمایت حاصل ہے، کچھ ارکان ادھر ادھر ہیں، بہت ان سے متفق نہیں۔