مفتاح اسماعیل مستعفی، اسحاق ڈار وزارت خزانہ کےلیے نامزد، پاکستان آ مد متوقع

397

لندن: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا جبکہ سینیٹر اسحاق ڈار کو وزارت خزانہ کے لئے نامزد کردیا گیا ہے۔

لندن میں مسلم لیگ (ن) کے نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و قومی صورتحال پر تفصیلی غور کے بعد اہم سیاسی اورمعاشی فیصلے کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل، ملک محمد احمد خان اور احد چیمہ نے شرکت کی۔اس موقع پر مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ قائد محمد نواز شریف کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، 4 ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔

 نوازشریف نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔اجلاس میں موقف اپنایا گیا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کو بجھانا پڑی جبکہ نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وفاقی وزیرِ خزانہ کے لئے نامزد کر دیا۔

اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پاکستان روانہ ہورہا ہوں، منگل کو سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھاؤں گا۔