اپر چترال،3 طالب علم دریا میں گرکر جاں بحق

295

چترال کی سب تحصیل تور کہو کے گائوں زنگ لشٹ میں تین طالب علم دریا عبور کرتے ہوئے ڈوب گئے۔ ایک طالب علم کی نعش دریا سے نکال لی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق تینوں طالب علم زنگ لشٹ گائوں سے دریا عبور کر کے واشچ گائوں میں کرکٹ کھیل کر واپس آ رہے تھے کہ دریائے تور کہو کے اوپر پیدل پل عبور کرتے ہوئے ایک لڑکا دریا میں جاگر ا، ساتھی کو بچانے کیلئے دیگر دو دوستوں نے بھی دریا میں چھلانگ لگا دی۔ دریا میں شدید طغیانی کی وجہ سے تینوں بچے لمحے بھر میں آنکھوں سے اوجھل ہوگئے۔ 

لاپتا ہونے والے طالب علموں کی عمریں تیرہ سے سترہ سال کے درمیان تھیں۔ لاپتا طالب علموں میں حتشام ولد ظفر عمر تقریبا17 سال باسط ولد رحمت علی شاہ عمر تقریبا 13 سال اورجنید ولد غلام بیگ عمر تقریبا پندرہ سال ساکنان زنگ لشٹ شامل ہیں۔ 

مقامی پولیس کے مطابق شام گئے ایک طالبعلم باسط ولد رحمت علی شاہ عمر تیرہ سال کی لاش دریا سے نکال لی گئی ہے، جب کہ دو کی تلاش جاری ہے۔ 

دریا میں ڈوب کر جاں بحق طالب علموں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔ خبر گائوں تک پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔

 مقامی افراد کے مطابق حادثہ پل کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا ہے۔ ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیم تاحال علاقے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔