شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، اسحاق ڈار کو وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ

420

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں ن لیگ کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان اتفاق پایا ہے کہ سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف کی نواز شریف کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات میں اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنی ملک واپسی کے منصوبے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔

لیگی ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل، معاشی چیلنجز سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر خزانہ نے وطن واپسی بارے اپنے پلان بارے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں ملاقات میں اسحاق ڈار کی واپسی اور سینیٹ حلف کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے پاکستان واپس آکر احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے جب کہ  اسحاق ڈار کو ملک واپسی پر موجودہ وزارت خزانہ کی ٹیم ملک کی موجودہ معاشی حالات پر بریفنگ بھی دے گی۔

ذرائع کے مطابق سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔ وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات کے دوران پاکستانی معیشت کو سنبھالنے، موجودہ سیاسی و اقتصادی صورت حال کے علاوہ مہنگائی اور ڈالر کو کم کرنے پر بھی مشاورت ہوئی۔