لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر عبدالشکور نے منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے امیر جماعت نے الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی پروگرام کی تحسین اور مشکل وقت میں لاکھوں بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے پر ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودی کے یوم وفات پر ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ دین کی سربلندی اور انسانیت کی خدمت کے لیے جماعت اسلامی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے دوران بھی جماعت اسلامی اور اس کی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن نے اسی طرح قوم کی خدمت کی اور تاریخ رقم کی۔ ہم نے ہر مشکل وقت میں ثابت کیا ہے کہ ہمارے پاس ایک منظم نیٹ ورک موجود ہے ۔ انھوں نے کہا کہ قوم نے ملکی تاریخ کے بڑے سانحے کے موقع پر جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن پر اعتماد کر کے انہیں اربوں روپے امداد دی۔
عبدالشکور کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس لوگوں کی سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی ایک ایک پائی کا حساب ہے۔ ہم پوری دیانت داری اور منظم طریقے سے متاثرین تک امداد پہنچا رہے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ رہی ہیں اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرے۔ سیلاب نے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی تباہ کر دی، حکومت کسانوں کے نقصانات کا ازالہ کرے۔ بحالی کے لیے ایمرجنسی اقدامات کا آغاز کیا جائے۔ ملک کے شمالی علاقوں میں لوگوں کو فوری طور پر گھروں کی تعمیر کے لیے نقد رقم دی جائے۔ جن لوگوں کے مال مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں ان کے نقصانات کو بھی پورا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے صنعتی ممالک کی جانب سے کاربن کے اخراج کی وجہ سے پاکستان موسمیاتی تبدیلوں کا شکار ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری ملک کے نقصانات کا ازالہ کرے۔امیر جماعت نے اس موقع پر سیلانی ٹرسٹ کے سربراہ افضل سیلانی، اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب، ایدھی فاﺅنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی، شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے جہانگیر شاہ آفریدی، عالم گیر ٹرسٹ کے ریحان یاسین ، اللہ والے ٹرسٹ کے شاہد لون، ملین سمائل ٹرسٹ کے ذیشان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور تمام فلاحی اداروں کی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کی تحسین کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اس چیلنج سے نمٹنا ہے۔ قوم نے متاثرین کی مدد کر کے ایک دفعہ پھر ثابت کر دیا کہ ہم ایک غیرت مند اور بہادر قوم ہیں، مسئلہ صرف حکمرانوں کا ہے اگر پاکستان کو ایمان دار اور اہل قیادت مل جائے تو ملک کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔