اسلام آباد :اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جھوٹی اور حقائق کے منافی خبروں کے رجحان کو سماجی سالمیت کے لیے انتہائی تباہ کن قرار دیدیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ بغیر تصدیق کے جعلی خبریں پھیلانا ملک کی سالمیت کے لیے خطرناک ہے۔ سوشل میڈیا کی افادیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر فرض ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فورمز کو ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ استعمال کریں۔
ا سپیکر قومی اسمبلی نے سوشل میڈیا کو منفی پروپیگنڈا پھیلانے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی حوصلہ شکنی کے لیے نوجوانوں کے اہم کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔
دولت مشترکہ کی 65 ویں کانفرنس میں شرکت کے لیے پارلیمانی وفد کے دورے کے خلاف بدنیتی پر مبنی بے بنیاد سوشل میڈیا مہم کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو انتہائی احتیاط اور زمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔
انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھرپور کارکردگی دکھانے کی تمام صلاحیتیں اور اہلیت رکھتے ہیں۔