اسلام آباد:وزیراعظم میاں شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف 19 سے 23 ستمبر تک امریکا کے شہر نیویارک کا دورہ کریں گے۔ دورے کا مقصد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77ویں اجلاس میں شرکت ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس 19 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، کابینہ اراکین اور اعلی حکام کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے۔ وزیراعظم خطاب میں حالیہ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں پر بات کریں گے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور امریکی صدر عالمی رہنمائوں کو استقبالیہ بھی دیں گے۔
وہ علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا موقف اجاگر کرنے کے علاوہ مقبوضہ جموں کشمیر پر بھی بات کریں گے۔
وزیراعظم اس دورے کے دوران گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، وہ مختلف سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جنرل اسمبلی کیصدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملیں گے ۔