کراچی: کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے ڈینگی اور ملیریا سے بچا کیلئے تمام اسکولوں میں اسمبلی اور پی ٹی سیشن معطل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ڈینگی اور ملیریا کا پھیلائوتیزی سے جاری ہے جس سے بچائو کیلئے کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی جانب سے کراچی کے اسکولوں کے لیے ایس او پیز جاری کی گئی ہیں۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی اسکولوں پر ہوگا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر کراچی نے ایک ماہ کیلئے تمام اسکولوں میں اسمبلی اور پی ٹی سیشن پر پابندی لگا دی ہے جب کہ طلبا کو فل آستین کی شرٹس پہن کر اسکول آنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکول مستقل بنیادوں پر ڈینگی اور ملیریا سے بچا کے اسپرے کرانے کے پابند ہوں گے اور ملیریا اور ڈینگی کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کریں۔
واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال ڈینگی کے 4676 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، شہر میں رواں سال 11 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔