اسٹاک ہوم: سوئیڈن کی وزیراعظم میگڈالینا اینڈرسن نے انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست تسلیم کرتے ہوئے عہدے سے استعفی دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے عام انتخابات میں دائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد کی کامیابی کے بعد شکست تسلیم کی ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے مطابق حکمران جماعت نے 173 جبکہ دائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد نے 176 ووٹ حاصل کئے۔
سوئیڈن کے قانون کے مطابق انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد کیا جائے گا۔سوئیڈن کی وزیر اعظم اگلی حکومت کے اقتدار سنبھالتے تک عبوری حکومت کی قیادت کریں گی تاہم وہ اپنی جماعت سوشل ڈیموکریٹس کی قیادت کرتی رہیں گی۔
سویڈن ڈیموکریٹس ایک ایسی سیاسی جماعت ہے، جو امیگریشن کی سخت مخالف اور قوم پرستانہ بیان بازی پر انحصار کرتی ہے، تاہم کبھی بھی سویڈن حکومت کا حصہ نہیں رہی۔اس پارٹی نے اس بار 20 فیصد سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں، جو سبکدوش ہونے والی وزیر اعظم میگڈالینا اینڈرسن کی سوشل ڈیموکریٹس کے بعد اب دوسری نمبر کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔