وفاق کی نااہلی کی وجہ گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہوچکا ہے، شاہ محمود قریشی

318

ملتان : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وفاق کی نااہلی کی وجہ گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہوچکا ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے   کہا کہ عمر سرفراز چیمہ صاحب ملتان تشریف لائے انہیں ملتان کے مسائل سے آگاہ کیا۔ شہر میں سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کا ہے۔ جاپان کی ایک کمپنی نے ملتان کے لیے ڈیڑھ ارب کی گرانٹ دی ہے، گرانٹ سے واسا کی مشینری میں کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف ملتان ائیر پورٹ سے تونسہ جائیں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔ عمران خان نے دو ٹیلی تھون کی جس پر عوام نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اربوں روپے دیے، عمران خان جلد تیسری ٹیلی تھون بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ثانیہ نشتر صاحبہ جمع کیا گیا پیسہ حق داروں تک پہنچانے کے لیے لک آفٹر کر رہی ہیں۔ پاکستانیوں اور اوور سیز پاکستانیوں نے عمران خان کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے۔ وزیر اعظم کے اکاؤنٹ میں نہیں بھیجے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹیلی تھون کے دوران چینل بند کیے گئے حکومت کو ایسی رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 48 گھنٹے پہلے الیکشن ملتوی کر دیے۔ الیکشن کمیشن 9 اکتوبر سے 2 دن پہلے یا 2 دن بعد الیکشن کروا لے۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ 9 اکتوبر کو عید میلاد النبیؐ ہے، اس دن الیکشن کروانا ٹھیک نہیں۔ الیکشن کمیشن کو تاریخ رکھنے سے پہلے عید میلاد النبیؐ کے دن کا خیال کرنا چاہیے تھا۔ یہ پاکستان کا الیکشن ہے ہندوستان کا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندم اور آٹے کا بحران وفاق کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہو چکا ہے۔ عمران خان نے اس بحران سے بچنے کے لیے روس سے سستی گندم کا مطالبہ کیا تھا۔ روس سے سستی گندم مل جاتی تو آٹا مہنگا نا کرنا پڑتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے سندھ میں اگلی فصل لگنے کا بھی امکان نہیں، وفاقی حکومت 5 ماہ سے سو رہی ہے، 4 روپے 34 پیسے مزید بجلی کا یونٹ بڑھا دیا گیا ہے۔