اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب جتنی اوقات ہے، اُتنی بات کریں۔ ’’کی جائے‘‘ اور ’’ کیا جائے‘‘ کا وقت ختم۔
ایک بیان مین مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا حقیقی مسئلہ ذاتی انا، تکبر، خود پسندی، اقتدار کی ہوس اور کرپشن ہے۔ عمران صاحب پہلے فیصلہ کریں آپ کا مسئلہ ہے کیا؟ بیرونی سازش؟ حقیقی آزادی ؟ الیکشن کمشنر؟ کرپشن کا این آر او؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکا کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور امریکی فرم سے امریکا میں لابی اور برانڈنگ کرواتے ہیں، چھُپ چھُپ کے ملاقاتیں کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی نہیں بلکہ اپنی حقیقی کرپشن سے این آر او چاہتے ہیں۔ بیرونِ ملک سازش نہیں بلکہ اپنی فارن فنڈنگ کی حقیقی سازش سے این آر او چاہتے ہیں۔ عمران خان کا مقصد کوئی الیکشن نہیں بلکہ اپنے مقدمات ختم کرانا ہیں۔ عمران خان دھونس، دھمکی، گالی سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ عمران خان، فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان بیمار، شکست خوردہ ذہنیت اور کرپٹ انسان ہے ۔ عمران خان جھوٹا ، انا پرست اور خود غرض و بہروپیا ہے۔ عمران خان فارن فنڈنگ میں این آر او مانگ رہے ہیں۔ الیکشن کمشنر نے آخر کیا گناہ کیا ہے؟ 8 سال سے زیرالتوا فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ ہی تو سنایا ہے ۔ عمران صاحب آپ نے الیکشن کمشنر سے کس چیز کی گارنٹی لی تھی؟