ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ: قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آئندہ ماہ شروع ہوگا

248

اسلام آباد: بھارت میں رواں سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آئندہ ماہ23اکتوبر سے شروع ہوگا جس سے شارٹ لسٹ شدہ21کھلاڑیوں کومدعوکیا جائے گا.

 پاکستان ٹی بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ رواں سال 4سے 17دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت دیگرممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا پہلا تربیتی کیمپ23سے 31اکتوبر تک بہاولپورمیں لگایا جائے گا جس میں شارٹ لسٹ شدہ21کھلاڑیوں کو مدعوکیا جائے گا، تربیتی کیمپ میں سے 17رکنی حتمی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا اور ورلڈ کپ سے قبل انہی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 20نومبر سے3دسمبر تک لاہور میں لگایا جائے گا.

سید سلطان شاہ نے کہا کہ کونسل نے قبل ازیں ملک بھرسے ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والے21کھلاڑیوں کوشارٹ لسٹ کیا تھا، ورلڈ کپ سے قبل پاکستان گرین اورپاکستان ریڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچ بھی کرائیں گے اس سے بھی کھلاڑیوں کے کھیل میں مزید نکھار آئے گا.

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹی بلائنڈ کرکٹ کونسل نے دسمبرسے قبل آل پاکستان ٹی ٹونٹی گریڈ ٹو اور گریڈ ون ٹورنامنٹس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ گریڈ ٹو ٹورنامنٹ 10 سے 14اکتوبر تک ملتان جبکہ گریڈ ون یکم سے 5نومبرتک بہاولپورمیں کھیلا جائے گا، دونوں ایونٹس میں 8،8ٹیمیں شرکت کریں گی، انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ بھی ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے مددگار ثابت ہو ں گے۔