حکومتی رویہ غیرجمہوری اور عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہے، شاہ محمود قریشی

314

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اورسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کا رویہ بالکل غیرجمہوری ،عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہے۔

شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہیں، ان کی سیاسی سرگرمیوں پرروک لگائیں تو سمجھ آتا ہے، عمران خان تو سیلاب متاثرین کیلئے فنڈ اکٹھا کررہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خود کو الیکٹڈ حکومت کہنے والوں کو ایسا کرنازیب نہیں دیتا، یہ تو انسانیت کے خلاف ہے، حکومت خوف میں مبتلا ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ انسان عمران خان خدمت کررہے ہیں اس پر قدغن لگارہے ہیں، سوشل میڈیا کے زمانے میں اس قسم کی قدغنیں بے معنی ہوتی ہیں کہتے تھے سیلاب پر سیاست نہیں کی جائے، عمران خان ٹیلی تھون کرتے ہیں تو اس میں بھی خلل ڈالتے ہیں، حکومت کا رویہ بالکل غیرجمہوری ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ کبھی کسی چینل تو کبھی آپ پر بندشیں لگا دیتے ہیں، آپ عدالت سے رعایت لیتے ہیں پھر بھی اجازت نہیں دیتے، کبھی یوٹیوب کی نشریات پر خلل پڑجاتا ہے، ایساکبھی نہیں ہوا۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سندھ برباد ہوگیا، پیپلزپارٹی کی حکومت ناکام دکھائی دے رہی ہے۔