سکھر : سنگدل بیٹے نے ماں کو گولیاں مارکر قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی جب کہ ورثا کی جانب سے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے تھانہ نیو پنڈ کی حدود بھوسہ لائن کے قریب سولنگی برادری سے تعلق رکھنے والے 15سالہ سنگدل بیٹے شاہنواز سولنگی ولد شاہ محمد سولنگی نے گھریلو تنازع پر اپنی والدہ مسمات فریدہ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گیا ۔
اطلاع پر تھانہ نیو پنڈ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کیا۔ دوسری جانب مقتولہ کے شوہر کا کہنا ہے کہ میری بیوی جگر کے مرض میں مبتلا تھی جس کی وجہ سے تنگ آ کر اس نے خودکشی کی ہے۔
اہل محلہ نے بتایا کہ مقتولہ کے بیٹے نے اپنی والدہ کو قتل کیا ہے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔