اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق کیسز میں کل جمعہ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر اعظم کی آمد سے قبل سکیورٹی کے انتظامات آج ہی شروع کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف جمعہ کی صبح ساڑھے 9 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لاپتا افراد کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی یقین دہانی پر لاپتا افراد کے اہل خانہ نے کوئٹہ میں 50 روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا۔وزیر قانون بیرسٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان، شازیہ مری، آغا حسن بلوچ اور بیرسٹر کامران مرتضیٰ کمیٹی میں شامل تھے۔