دبئی: متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے اپنے آخری میچ میں افغانستان کو 101 رنز سے باآسانی شکست دے دی، تاہم دونوں ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔
بھارت کے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 111رنز بناسکی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 212 بنائے، ویرات کوہلی شاندار 122 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔یہ کوہلی کے کیریئر کی 71 ویں اور ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی پہلی سنچری ہے۔کوہلی نے آخری بار 23 نومبر 2019 میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔ بھارتی کپتان کے ایل راہول 62 اور سوریا کمار یادیو 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
افغانستان اور بھارت کا ایونٹ میں سفر اختتام کو پہنچنے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر کو ایشیا کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔