دبئی: دفاعی چیمپئن بھارت کو سری لنکا نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں دھول چٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں سپر 4 مرحلے کے سلسلے میں تیسرے میچ کے دوران ٹورنامنٹ کے دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دے دی۔ بھارت کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 174 رنز کا ہدف دیا گیا تھا، جو لنکن لائنز نے آخری اوور کی آخری گیند پر پورا کر لیا اور یوں بھارت کو ایشیا کپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔
سری لنکن کپتان دسون شانکا نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارت نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دسون شانکا نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش تھیکشنا اور چمیکا کرونا رتنے کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
واضح رہے کہ سری لنکا سپر 4 مرحلے میں 2 فتوحات حاصل کر کے فائنل میں پہنچنے کیلئے فیورٹ بن چکا، جبکہ بھارت سپر 4 مرحلے میں 2 شکستوں کے بعد فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر چکا۔
خیال رہے کہ کل پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، میچ میں پاکستان کی فتح کی صورت میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل کنفرم ہو جائے گا۔