آرمی چیف سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات

281

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکواٹرز ( جی ایچ کیو ) میں امریکا سے آئے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران علاقائی صورت حال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی ہے۔ امریکی وفد نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔

منگل کو پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وفد نے شیلا جیکسن لی کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں تھامس سوزی، الیگزینڈراین گرین بھی شامل تھے۔

اس موقع پر علاقائی سلامتی کی صورت حال اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔ وفد نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی پیشکش کی۔

امریکی وفد نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہا اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے امریکی وفد کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کی بحالی میں اہم ثابت ہوگی۔