سہون: منچھر جھیل میں پانی کا دبا کم کرنے کے لیے مزید دو مقامات پرکٹ لگا دیے گئے، جس سے سیہون ائیرپورٹ زیر آب آگیا۔ذرائع کے مطابق پانی کی سطح میں اب بھی کمی نہیں آسکی ہے جس کے باعث سیہون شہر اور سعید آباد کے لیے خطرہ برقرار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھیل سے نکلنے والا پانی سیہون ٹول پلازہ کے قریب انڈس ہائی وے سے ٹکرانے لگا ہے، سیہون ائیرپورٹ بھی ڈوب گیا اور وزیراعلی سندھ کا آبائی گاؤں باجارا بھی زیر آب آگیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق منچھر جھیل بند آرڈی 54 اور 52 سے پانی کا اخراج جاری ہے، پانی پانچوں یونین کونسلوں کی حدود میں داخل ہوگیا ہے۔
یونین کونسل بوبک اور جعفرآباد مکمل زیر آب ہیں، متاثرہ دیہات کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل میں پانی کی سطح کم نہیں ہوئی، لاڑکانہ سیہون بند پرپانی کی کمی کے بعد کٹ لگا کر منچھر جھیل کے پانی کو راستہ دیا جائے گا۔ادھر منچھرجھیل زیرو پوائنٹ پر 50 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا ہے، شگاف پڑنے سے پانی یونین کونسل واہڑ کی جانب بڑھنے لگا ہے۔