گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے، راجہ پرویز اشرف

290

اسلام آباد: “گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے، ملکی جامعات اور اکیڈمیہ کردار ادا کرنے کے لئے آگے بڑھے اور تحقیق کی بنیاد پر پالیسی سازوں کو تجاویز دیں” ان خیالات کا اظہار ا سپیکر قومی اسمبلی ، راجہ پرویز اشرف نے گذشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ” پائیدار ترقی اور خوراک کی حفاظت کے لئے موسمیاتی زراعت”کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قدرتی آفات ، سمندری طوفان ، آتش فشاں، زلزلے یاتودے وغیرہ انسانی کنٹرول میں نہیں لیکن قبل از وقت تیاری اور بروقت اقدامات سے ہم ان آفات کے اثرات سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابوں کے باعث چند ہفتوں میں وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ گلوبل وارمنگ گرین ہائوس گیس کے اخراج کا مجموعی اثر ہے جو ماحول کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ گلوبل وارمنگ ماحولیات کی عدم توازن اور قدرتی آفات کی جڑ ہے۔

ان  کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کے لئے مخلصانہ کوشش کریں تاکہ کرہ ارض پر حیات قائم رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی بحران کے حل کے لئے پارلیمنٹ نے قومی و بین الاقوامی سطح کے ہر فورم پر آوازاٹھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی خودکفالت کے لئے ہمیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ نہ صرف ہماری موجودہ ضروریات پوری ہوں بلکہ آئندہ آنے والی نسلیں بھی استفادہ کرسکیں۔