قومی ٹیم بھارت کو سپرفور میں شکست دے سکتی ہے، شاہد آفریدی

416

کراچی: سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ کا فاتح بن سکتا ہے۔قومی ٹیم روایتی حریف بھارت کو سپر فور مرحلے میں شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔

پی اے ایف کنونشن سینٹر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی بہتر ہے، بھارت کے خلاف لیگ میچ میں پاکستان نے بہترین مقابلہ کیا جس سے قومی ٹیم کا مورال بلند ہوا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ہانگ کانگ کے خلاف شاندار فتح سے بھی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، اب سپر فور مرحلے میں ایک بار پھر بھارت سے مقابلے میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان میچ جیتنے میں کامیاب رہے گا، پاکستان ہی میری فیوریٹ ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ہماری بولنگ اور بیٹنگ بہت زبردست رہی ہے، ہماری ٹیم میں تمام تر خصوصیات موجود ہیں جبکہ اس کی کارکردگی دن بدن بہتری کی جانب مائل ہے۔