چیف جسٹس کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تاخیر پر از خود نوٹس لیں، حافظ نعیم الرحمان

535

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ  کراچی میں بارش کے متعلق جھوٹی رپورٹ پر بلدیاتی الیکشن ملتوی کئے گئے ہیں ،کراچی میں ایسی کوئی صورتحال نہیں کہ انتخابات نہ کرائے جاسکیں، چیف جسٹس الیکشن نہ کرانے پر سوموٹو نوٹس لیں، ہمارامطالبہ ہے کہ فوری الیکشن کا اعلان کیا جائے، کراچی کے عوام کو ان کا حق ملنا چاہیے۔ 

ادارہ نور حق کراچی میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھا کہ لوگوں کو ان کے آئینی حق سے روکا گیا، جماعت اسلامی ہر نا انصافی پر بات کرے گی اور اپنے حق کے لیے بھی لڑتے رہیں گے،جھوٹی رپورٹ پر بلدیاتی الیکشن ملتوی کئے گئے، معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے،اس وقت پورے ملک میں بارش اور سیلاب کی صورتحال ہے، عوام کے لیے حکومتی اقدامات مؤثر طور پر نظر نہیں آ رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مشکل وقت میں سیلاب متاثرہ لوگوں کی مدد کررہے ہیں، کراچی کے عوام نے بڑے پیمانے پر فنڈز دیئے ہیں، سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد پر کراچی کے لوگوں پر فخر ہے، کراچی سب کو سب کچھ دے رہاہے ، مگر اس شہر کو کوئی کچھ نہیں دے رہا، الخدمت کا اندرون سندھ متاثرہ علاقوں میں بھرپور ریلیف کا کام جاری ہے، لیکن سندھ حکومت کے اربوں روپے کے بجٹ کہاں ہیں؟۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی غیر قانونی و نمائشی ہیں، مرتضیٰ وہاب کو تو کراچی پر مسلط کیا گیا مگر اصل حکومت تو وڈیروں اور جاگیرداروں کی ہے، کراچی اذیتوں کا شکارہے پھر بھی سیلاب متاثرین کی مدد کررہاہے، کراچی ٹپک رہا ہے ، اور کوئی اس کے مسائل حل نہیں کررہا ہے۔