معروف دانشور، فرائیڈے اسپیشل کے تبصرہ نگار ملک نواز احمد اعوان 80سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔ آپ کو چند دن پہلے ہی بلڈ کینسر تشخیص ہوا تھا۔ آپ ایک عرصے تک کراچی میں مقیم رہے اور چند سال پہلے ہی لاہور منتقل ہوئے تھے۔ ملک نواز مرحوم کا ذریعہ معاش ریفریجریٹر اور ائرکنڈیشنر کی رپیرنگ تھا، لیکن ان کی دکان علم و کتاب کی ترویج کا مقام تھی، آپ علم و کتاب کے آدمی تھے۔ آپ کا اوڑھنا بچھونا یہی کتابیں تھیں۔ تمام زندگی کتابوں اور رسالوں کے فروغ میں مصروف رہے۔ کتابیں، رسالے اپنے ذاتی پیسوں سے خرید کر تقسیم کرتے اور لکھنے پڑھنے والے لوگوں کی بھرپور پزیرائی کرتے تھے۔ ان کی رحلت فرائیڈے اسپیشل کے قارئین کے ساتھ علمی و ادبی دنیا کا بڑا خسارہ ہے۔ ان کے انتقال سے ایک وسیع حلقہ سوگوار ہے۔ اللہ تعالیٰ مغفرت فرمائے۔