مافیا سیلاب میں بھی منافع خوری سے باز نہیں آیا، سراج الحق

349
difficult

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مافیاسیلاب میں بھی منافع خوری سے باز نہیں آ رہا۔ مشکل وقت میں بھی عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت نے پٹرول اور بجلی کی قیمتیں مزید بڑھا دیں، آئی ایم ایف کے اشاروں پرنت نئے ٹیکسز لاگو کر دیے جاتے ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ ظلم و جبر ، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کا سانس لینا دشوار ہو گیا۔ سیلاب نے تباہی مچا دی،حکمران اب بھی لڑائیوں میں مصروف ہیں۔ علما مشکل وقت میں قوم کی رہنمائی کریں، ہمیں متحد ہو کر حالات کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بے سہارا لوگوں کو غیرملکی اداروں کے حوالے نہیں کر سکتے۔ مخیر حضرات اور بیرون ملک مقیم پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے بڑھیں، قوم کا اب تک کا جذبہ قابل تحسین ہے، سب مل کر اسی ہمت اور حوصلہ کے تحت کوششیں کرتے رہے تو ان شاء اللہ چیلنج سے نمٹ لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سیلاب متاثرین کو یقین دلاتی ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ہمارے ہزاروں کارکنان متاثرین کی بحالی تک ریلیف کا کام جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مرحوم کشمیری رہنما استقلال اور ہمت کا پہاڑ تھے جنھوں نے اپنی تمام زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر دی۔ علی گیلانی کی خدمات کو سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا اور انھیں تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

امیر جماعت نے کہا کہ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیے گئے ملک کا نظام سامراج کے اشاروں پر چلتا ہے۔ مدارس، مساجد اور تہذیب پر حملے جاری ، حکمران سیکولر ایجنڈے کی پیروی کر رہے ہیں۔ ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ نے کبھی بھی عوام کی بھلائی کا نہیں سوچا۔ آج جب ملک مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے تب بھی حکمران طبقہ عوام کے درمیان موجود نہیں۔