کالام: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے 10 ارب روپے گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ فی خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکام اور دیگر انتظامیہ ریلیف کاموں میں تیزی لا ئیں اور لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر یں سڑکوںکی بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کالام میں پھنسے سیاحوں کو فوری طور پر نکالا جائے ،ہیلی کاپٹرز کی مدد سے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے ،متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اورریلیف آپریشن کیلئے 146پروازیں چلائیں گئیں ،وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کیلئے ٹاسک فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حوالے کردیا ۔
وزیراعظم خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دورے پر کالام پہنچے،جہاں حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مزید 700 سیاح کالام میں پھنسے ہوئے ہیں، خیبر پختونخوا آمد پر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کالام میں سیلاب سے متاثرہ افراد اور کالام میں پھنسے سیاحوں سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران انجینیر امیر مقام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر موجود متاثرہ خاتون نے وزیراعظم سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ سارے سفارشی لوگ یہاں سے چلے گئے ہیں، ہماری مدد کون کرے گا؟
ایک خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم کراچی سے آئے ہیں، یہاں ہمیں بے عزت کیا جا رہا ہے۔ جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، حکومت سارے مسائل حل کر ے گی۔