چینی ریڈ کراس کا سیلاب زدگان کیلیے 3 لاکھ امریکی ڈالر نقد امداد کا عطیہ

301

اسلام آباد: چین کی ریڈ کراس سوسائٹی(آر سی ایس سی)کی جانب سے پاکستان کی انجمن ہلال احمر(پی آرسی ایس)کو 3 لاکھ امریکی ڈالر کی ہنگامی نقد امداد فراہم کر دی گئی ہے۔

گزشتہ رات نقد امداد حوالے کرنے کیلئے منعقدہ تقریب میں چینی ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے عطیہ انجمن ہلال احمر پاکستان کے حوالے کیا۔

تقریب سے خطاب کرتےہوئے نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور دکھ سکھ کے ساتھی ہیں ، مزید کہا کہ چینی حکومت نے پاکستان کو 10 کروڑ یوآن(1 کروڑ 45 لاکھ امریکی ڈالر)کا امدادی پیکیج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 25 ہزار خیمے اور دیگر انسانی امداد شامل ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ اس کے علاوہ چینی حکومت آفات کے بعد کی تعمیر نو کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کرے گی اور آفات سے بچا کی تیاری اور کمی میں دوطرفہ تعاون کوفروغ دے گی۔

اس موقع پر انجمن ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین ابرارالحق نے چینی حکومت اور عوام کے ساتھ ساتھ آر سی ایس سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کیلئے مدد کا ہاتھ بڑھانے میں ہمیشہ سرفہرست رہا ہے۔