بھارت کیخلاف میچ میں 15رنز کم بنائے،بابر اعظم

415

لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ میں 15رنز کم بنائےہیں ،فاسٹ بولرز نے عمدہ کارکردگی سے مقابلہ دلچسپ بنایا ہے۔

ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ دبئی کی کنڈیشنز میںبیٹنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس نے 10سے 15رنز کم بنائے، بیٹنگ کے دوران شراکتیں نہیں بن سکیں،آخر میں شاہنواز دھانی نے مختصر مگر مفید اننگز کھیل کر اہم رنز کا اضافہ کیا، کوشش تھی کہ جس قدر ممکن ہو ہدف کا حصول مشکل بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولرز نے عمدہ کارکردگی سے مقابلہ دلچسپ بنایا، نسیم شاہ نے پہلے ہی میچ میں بڑے جوش وخروش کے ساتھ شاندار بولنگ کرتے ہوئے متاثر کیا، ان کا آئندہ میچز کیلئے اعتماد بلند ہوا،پیسر کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے، محمد نواز اور شاہنواز دھانی نے بھی اچھے اسپیل کئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ آخری اوور میں 15رنز بھی بچتے تو نتیجہ مختلف ہوتا مگر محمد نواز نے سخت دبائو میں بھی اچھی بولنگ کی، شاہین شاہ آفریدی کی کمی بھی محسوس ہوئی، ہردیک پانڈیا نے میچ اچھا فنش کیا، میرے خیال میں وہ اچھے آل رائونڈر ہیں۔