بیجنگ: چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چین کی جانب سے بروقت امداد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں صورتحال کافی سنگین ہے، چین اور اس کی تنظیموں کی طرف سے فراہم کردہ امداد بروقت اور بہت قیمتی ہے،مستقبل میں مزید چینی امداد بھی آئے گی۔
چائنہ اکنامک نیٹ (سی ای این) کو خصوصی انٹرویو میں معین الحق نے کہا کہ پاکستان کو تمام صوبوں اور علاقوں میں شدید سیلاب کا سامنا ہے۔ اب تک 1000 سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور کئی گاؤں بہہ گئے ہیں جبکہ کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا چین اس مشکل وقت میں ہمیشہ کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ چین اور اس کی تنظیموں کی طرف سے جو مدد فراہم کی گئی ہے وہ بہت بروقت اور بہت قیمتی ہے۔ اس بار بھی چین آگے بڑھ رہا ہے اور یہ صرف پہلا قدم ہے۔
چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق سفیر نے امید ظاہر کی کہ چین کے اعلان کے علاوہ مستقبل میں مزید چینی امداد بھی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون کی شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب سے ہزاروں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں صورتحال کافی سنگین ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اندازوں کے مطابق پاکستان میں 30 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ ہم چین کی حکومت کے بروقت امداد کے اعلان پر بے حد مشکور ہیں اور پاکستان کو خیموں اور پناہ گاہوں کی شکل میں امداد ک کو یقینی طور پر جلد ہی پاکستان روانہ کر دیا جائے گا۔