بھارت: فیس جمع نہیں کرائی، سرٹیفکیٹ دینے سے انکار پر طالبعلم کی خودکشی

604
پولیس میں بھرتی کیلئے آنے والا نوجوان دوڑ کے دوران گر کر جاں بحق

نئی دہلی: انجینئرنگ میں داخلہ حاصل کرنے والے ذہین طالب علم نے کالج کی جانب سے فیس جمع نہ ہونے کے باعث سرٹیفکیٹ دینے سے انکار پر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دل سوز واقعہ ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں پیش آیا جہاں جکولا انجیت نامی طالب علم نے شری گیاتری کالج سے امتیازی نمبروں کے ساتھ انٹر کا امتحان پاس کرنے کے بعد انجینئرنگ کالج کا ٹیسٹ میں بھی کامیابی حاصل کرلی تھی اور اب صرف تعلیمی اسناد جمع کرانی تھی۔

انجیت غریب والدین کا بچہ تھا اور آخری سمسٹر کی فیس جمع نہ کراسکا تھا جب وہ سرٹیفکیٹ کے لیے کالج گیا تو انتظامیہ نے پہلے فیس جمع کرانے کا مطالبہ کیا۔انجیت کے والدین نے یقین دہانی کرانی کہ آپ فی الحال سرٹیفکیٹ جاری کریں ہم پیسے آتے ہی فیس جمع کرادیں گے۔ ابھی مالی حالات بہت خراب ہیں اور یہ بچے کے مستقبل کا معاملہ ہے جو ہماری غربت ختم ہونے کی آخری امید بھی ہے۔

کالج انتظامیہ نے غریب والدین کی ایک نہ سنی اور انھیں باہر نکال دیا۔بار بار کالج جاکر درخواست کرنے کے باوجود انتظامیہ نے سرٹیفکیٹ جاری نہ کیا اور اُدھر انجینئرنگ کالج میں اسناد جمع کرانے کی آخری تاریخ نکل گئی۔اس صورت حال پر انجیت بہت دل برداشتہ تھا اور اسی غم میں اس نے چھت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی اس غنڈہ گردی کے باعث کئی نوجوان خودکشی کرلیتے ہیں لیکن تاحال حکومت کی جانب سے نی تو کوئی پالیسی وضع کی گئی ہے اور نہ اس مافیا کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی ہوئی ہے۔