قوم حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے آزمائش میں ہے، سراج الحق

687
personal battles

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں امداد و بحالی کےلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں، آخری فرد کی گھر واپسی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

سراج الحق نے کہاکہ  میں وکلا، ڈاکٹروں، سکول کالج یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ، چیمبر آف کامرس کے ممبران، تاجربرادری، زمینداروں ان تمام خوشحال لوگوں سے اپیل کرتا ہوں جو اس وقت محفوظ ہیں، اس پر اللہ کا شکر ادا کریں اور اپنے بچوں، بہنوں اور بھائیوں کو بچانے کا انتظام کریں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی بے بسی اور حکمرانوں کی بدانتظامی کے دلخراش اور تکلیف دہ مناظر دیکھ رہے۔ بزرگ، عورتیں اور شیرخوار بچے کھلے آسمان کے نیچے پڑے ہیں، بیماریاں پھیل رہی، لوگوں کے پاس خوراک، ادویات اور مویشیوں کے لیے چارہ دستیاب نہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  سیلابی ریلوں سے لاکھوں کی تعداد میں مکانات تباہ، ہزاروں افراد شہید جب کہ بے شمار افراد لاپتا ہیں اور لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں ڈھونڈرہے ہیں۔ لاکھوں دیہاڑی دار لوگ مسلسل بارشوں کی وجہ سے بے روزگار ہو چکے اور ان کے گھروں میں فاقے ناچ رہے ہیں، قوم سات دہائیوں سے حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے آزمائشوں میں ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ بارش کا ایک ایک قطرہ رحمت لیکن حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے زحمت بن چکا ہے، اگر بروقت ڈیم اور ذخیرے تعمیر کیے جاتے تو ا ربوں ڈالر مالیت کا پانی ذخیرہ کیا جا سکتا تھا۔