سندھ ہائی کورٹ: ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی سے جواب طلب

315

کراچی:کے الیکٹرک نے مہنگی بجلی کا ذمہ دارسوئی سدرن گیس کمپنی کو قرار دیتے ہوئے استدعا کی ہے کہ سوئی سدرن کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر عملدر آمد کی ہدایت کی جائے،عدالت نے کے الیکٹرک کی درخواست پرایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی سے جواب طلب کرلیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس کمپنی کے مابین واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر گیس کی سپلائی میں کمی کے خلاف کے الیکٹرک کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

وکیل کے الیکٹرک بیرسٹر ایان میمن نے دلائل دیئے کہ کراچی کا ہرشہری بلز میں اضافے کی شکایات کر رہا ہے۔ ہمیں عدالتی حکم کے باوجود قدرتی گیس نہیں دی جا رہی۔وکیل کے الیکٹرک نے بتایا کہ سوئی سدرن قدرتی گیس کے بجائے آر ایل این جی ایل فراہم کررہاہے، گیس سے 8 گنا مہنگی ہے، جس کی وجہ سے بجلی کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے۔

کے الیکٹرک کے وکیل نے موقف اپنایا کہ کراچی کا ہر شہری فیول ایڈجسمنٹ سے متاثر ہو رہا ہے۔ ہمارے علاوہ باقی انڈسٹریز کو گیس دی جا رہی ہے۔وکیل نے موقف پیش کیا کہ ایم ڈی ایس ایس جی سی عمران منیر کے خلاف توہین عدالت کارروائی کی جائے۔

وکیل ایس ایس جی سی نے جواب دیا کہ عمران منیر ملک سے باہر ہیں جس پرعدالت نے کہا کہ ایم ڈی سے کہیں جواب جمع کرائیں۔عدالت نے وکیل ایس ایس جی سی کو تنبیہ کی کہ اگرجواب جمع نہ کرایا تو ذاتی حیثیت میں طلب کریں گے۔

وکیل کے الیکٹرک نے کہاکہ عدالت ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی عمران منیر کو توہین نوٹس جاری کر چکی ہے، عدالت نے 13 جون 2018 کو ایس ایس جی سی کو گیس کی کمی سے روکا۔