لاہور: سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ شوکت ترین کی تیمور جھگڑا اور محسن لغاری سے گفتگو نے مکروہ سازش کا پردہ چاک کر دیا ہے، فارن فنڈنگ پر پلنے والی جماعت پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی معیشت کے لئے اشد ضروری ہے،اس کے خلاف سازشیں کرنے والے پاکستان سے مخلص نہیں ،عمران نیازی ریاست پاکستان کے اندر انارکی، فتنہ اور فساد چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دور اقتدار میں پاکستان کے سارے دوست ممالک سے تعلقات بدترین ہو گئے،سیلاب جیسے قومی سانحے پر بھی عمران نیازی نے سیاست کی،عمران نیازی اور اس کے چیلے پاکستان کو سری لنکا جیسے حالات سے دوچار کروانا چاہتے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی تو کہتا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں نہیں تو ملک پر ایٹم بم مار دو،عمران نیازی کے ارد گرد لوگوں کو بھی سوچنا چاہیے کہ وہ پاکستان مخالف کھیل کا حصہ کیوں بن رہے ہیں۔