چارسدہ میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کے خدشے کے پیش نظر عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے کئی شہر سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں اور نوشہرہ کے بعد چارسدہ بھی سیلاب کے خطرے سے دوچار ہے،چند گھنٹوں میں سیلابی ریلا چارسدہ پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ منڈاہیڈورکس بھی سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے۔
چارسدہ کی عوام سے سیلابی صورت حال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،چارسدہ میں خیالی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہورہا ہے جبکہ پھنسے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،سیلاب متاثرین نے موٹر وے پر پناہ لے رکھی ہے اور بڑی تعداد میں متاثرین رات کھلے آسمان تلے گزار رہے ہیں۔