وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سیلاب میں گھرا ہوا ہے‘ اس وقت قوم کو متحد ہونے کی سخت ضرورت ہے‘ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی خدمت کرنے کا ہے‘ مخیر حضرات اور عالمی ادارے مشکل کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دیں‘ سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کے لئے فی کس 10لاکھ روپے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 25 ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کا فضائی جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو ‘ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ‘ جے یو آئی کے خالد محمود سومرو بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت چاروں صوبوں میں حالیہ بارشوں سے بدترین تباہی ہوئی ہے۔ سندھ میں 900سے زائد ہلاکتیں ہوئیں جبکہ مال مویشی اس کے علاوہ سیلاب کی نذر ہوئے۔ جانی نقصان کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ہم سانحہ کا شکار ہونے والوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ رات آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور نیوی کے چیف ایڈمرل نیازی صاحب سے امدادی سرگرمیوں پر بات کی جس پر دفاعی اداروں کے سربراہان نے مجھے یقین دلایا ہے کہ ہم اپنے وسائل بھرپور طریقے سے استعمال میں لارہے ہیں۔ اس وقت زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور راشن تقسیم کیا جارہا ہے یہ مشکل کی گھڑی ہے اس میں مخیر حضرات اور عالمی ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ وفاق اور صوبے اپنی جانب سے بھرپور طریقے سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں لیکن سانحہ بڑا ہے لاکھوں گھر اس سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔
خاندانوں میں ریلیف پہنچانے بارے وزیراعظم نے کہا سندھ اس وقت پانی میں ڈوبا ہوا ہے میں وزیر توانائی خرم دستگیر اور ایڈیشنل سیکرٹری پاور کو یہاں پر چھوڑ کر جارہا ہوں جو صوبائی حکومت اپنے محکمے اور میرے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔ جہاں جہاں سے پانی خشک ہوگا وہاں پر فیڈر درست کرکے بجلی کا نظام جاری کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں حکومت کی جانب سے فی کس جاں بحق ہونے والوں کیلئے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے 25ہزار روپے ادا کئے جائینگے۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم کے سربراہان سے بھی تفصیلی بریفنگ لی ہے جنہوں نے بتایا ہے کہ وہ اپنی پوری توانائیاں صرف کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے آٹھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور میں نے حکام سے کہا ہے کہ اس رقم کو ایک ہفتے کے اندر اندر مستحق خاندانوں کو فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شفاف ترین پروگرام ہے اس میں کوئی خورد برد کا کوئی امکان نہیں مجھے امید ہے کہ ایک ہفتے کے اندر اندر حکام مجھے رقم تقسیم ہوجانے کے بارے میں آگاہ کرینگے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کے دورہ سندھ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں سندھ کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے لیکن ہمیں خیموںکی اشد ضرورت ہے اور راشن کی فراہمی اور تقسیم کے لئے بھی مخیر حضرات اور ادارے سامنے آئیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قوم کو متحد کرکے اس مصیبت کی گھڑی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔
وزیراعظم کو ابھی سکھر میں ہونے والی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اور اس بارے میں مناسب اقدامات اٹھائے جائینگے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور جے یو آئی کے رہنما خالد محمود سومرو نے بھی خطاب کیا۔