نواز شریف کی واپسی: لیگل ٹیم کو رِٹ پٹیشنز کی تیاری کی ہدایت

286

لاہور: ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے لیگل ٹیم کو رِٹ پٹیشنز کی تیاری کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے جب کہ پارٹی کی جانب سے عدالتوں سے زیادہ سے زیادہ ریلیف لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی سے قبل ان پر قائم مقدمات اور نااہلی ختم کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  اس سلسلے میں نواز شریف کی قانونی و آئینی امور کی ماہر اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت مکمل ہو گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وطن واپسی ہو تو تاحیات نااہلی، قید و جرمانے کی سزائیں اور دیگر تمام کیسز ختم ہو چکے ہوں۔ اس حوالے سے قانونی ٹیم نے نواز شریف کو عبوری ضمانت، راہداری ضمانت یا ضمانت قبل از گرفتاری کروانے سے متعلق بھی اپنی رائے دی۔

نواز شریف نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی کہ عدالت میں رِٹ پٹیشن دائر کر کے زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل کرنے کی استدعا کی جائے اور ضرورت پڑنے پر ضمانت قبل از گرفتاری کا آپشن بھی استعمال کیا جائے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف وطن واپس پہنچتے ہی پارٹی کی تنظیم نو کریں گے، جس کے لیےپارٹی رہنماؤں سے مشاورت کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متحرک اور فعال پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سمیت مریم نواز کو مزید اہم عہدے دیے جائیں گے۔