پاکستان چھوڑ کر جنوبی افریقہ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے پر کوئی ندامت نہیں،عمران طاہر

342

پاکستانی نژاد جنوبی افریقہ کے کرکٹر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان کو چھوڑ کر جنوبی افریقہ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے پر کوئی ندامت نہیں۔

 سابق کوچ باب وولمر اور کپتان انضمام الحق کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے موقع دیا، پاکستان میں کھیلی گئی فرسٹ کلاس کرکٹ ہی میری کامیابی کی بنیاد بنی۔

نجی ٹی وی  کے مطابق برمنگھم میں میڈیا سے  بات کرتے ہوئے 43سالہ عمران طاہر نے کہا کہ بیٹے کی خواہش تھی کہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد رونالڈو کی طرح سیلیبریٹ کیا کروں، جشن کا مخصوص انداز بالکل قدرتی ہے، عبدالقادر، شین وارن اور مشتاق احمد پسندیدہ لیگ سپنرز ہیں، عبدالقادر مرحوم کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا کہ انہوں نے نہایت شفقت اور پیار سے مجھے لیگ سپن باولنگ کا آرٹ سکھایا، اِس وقت عادل رشید ، شاداب خان، راشد خان اور عثمان قادر جیسے لیگ سپنرز زبردست پرفارم کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقہ میں 2 سال ایک کمرے میں گزر بسر کیا، مرحوم والدین اور اہلیہ نے مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا، ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ کا ارادہ ہے تاکہ جو کچھ سیکھا وہ علم مستقبل کے کرکٹرز کو منتقل کر سکوں۔

 عمران طاہر نے 2011 سے 2019 کے درمیان جنوبی افریقہ کی طرف سے 20 ٹیسٹ میچوں میں 57 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 107 ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 173 ہے جبکہ 38 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں وہ 63 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔