عمران خان پر دہشتگردی کی ایف آئی آر درج کر کے حکومت نے حماقت کی،شاہ محمود قریشی

279
فلائنگ آبجیکٹ کا معاملہ: بھارت کوجواب دہ ہونا پڑے گا، وزیر خارجہ

ملتان:پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان پر دہشتگردی کی ایف آئی آر درج کر کے حکومت نے حماقت کی۔

سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے اعزاز ہے کہ گیلانی خاندان کے چشم و چراغ میرے دائیں بائیں موجود ہیں، ایم این اے ابراہیم خان کی مہربانی کا بھی شکر گزار ہوں، درگاہ موسیٰ پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید ولایت مصطفی گیلانی نے مہر بانو قریشی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ مخدوم سید شفاعت گیلانی نے بھی این اے 157میں مہر بانو قریشی کی حمایت کی ہے، راجن بخش گیلانی کا بھی شکر گزار ہوں وہ مہر بانو قریشی کی دن رات مہم چلا رہے ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مخدوم سید شوکت گیلانی ،مخدوم سید محسن رضا گیلانی، سید غلام مصطفی گیلانی کی جانب سے حمایت کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے، عمران خان پر دہشت گردی کی ایف آئی آر درج کر کے حکومت نے حماقت کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نے تنہا کراچی میں مقابلہ کیا اور کامیاب ہوئی، کراچی میں 15 جماعتیں ایک طرف اور تحریک انصاف ایک طرف ہے، ملک میں ایک فضا بن چکی ہے۔