راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں سیلاب متاثرین کی تکالیف کم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کے شرکا کو ملک میں سیلابی صورتحال، آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں اور بیرونی و داخلی سلامتی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے پختونخوا اور بلوچستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ کانفرنس کے شرکا نے ملک میں سیلابی صورتحال اور فوج کی طرف سے جاری ریسکیواینڈ ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا اور غیرمعمولی بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاروائیوں کو سراہا۔